تھرپارکر میں تعلیمی داخلہ مہم کا آغاز،مٹھی میں آگاہی سیمینار اور ریلی کا انعقاد

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی /جانوڈاٹ پی کے)محکمہ تعلیم و خواندگی تھرپارکر کی جانب سے ضلع بھر میں تعلیم کے فروغ اور بچوں کے اسکولوں میں داخلے کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آج مٹھی کے ایک مقامی ہوٹل میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا دارومدار تعلیم یافتہ نوجوانوں پر ہوتا ہے۔ جب نوجوان تعلیم حاصل کرکے مختلف شعبوں میں کامیاب ہوتے ہیں تو نہ صرف ان کا بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

ڈی او سیکنڈری تعلیم و خواندگی تھرپارکر شمس الدین راٹھوڑ نے کہا کہ تعلیم صرف سرکاری نوکری کے حصول کے لیے نہیں بلکہ یہ انسان میں شعور، صلاحیت اور آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہے۔

سینئر پروگرام مینیجر آر ایس ایس یو نظر محمد چانڈیو نے کہا کہ ریفارم سپورٹ یونٹ کی کوشش ہے کہ اسکول سے باہر رہ جانے والے تمام بچوں کا ہر صورت اندراج یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ تھرپارکر، بالخصوص ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نچلی سطح پر ایسے سیمینار منعقد کرکے عوام میں شعور اجاگر کیا جا رہا ہے تاکہ شرحِ تعلیم میں اضافہ ممکن ہو سکے۔

وائس چیئرپرسن ضلع کونسل تھرپارکر کملا بھیل نے کہا کہ اگر محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں اور طلبہ سے متعلق مکمل ڈیٹا فراہم کیا جائے تو ضلع کونسل ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

ڈی او پرائمری تعلیم و خواندگی تھرپارکر نصراللہ ساہڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال داخلہ مہم کا مقصد تعلیم کو فروغ دینا اور شرحِ خواندگی میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں، خاص طور پر بچیوں کو اسکولوں میں داخل کروائیں، جبکہ اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشے سے دیانتداری کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے طلبہ کی بہترین تربیت کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی سال 2026-2027 کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کے تحت اساتذہ، والدین اور سول سوسائٹی پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو 5 سے 16 سال کے بچوں کی نشاندہی کرکے ان کے اسکولوں میں داخلے کو یقینی بنائیں گی۔

ریفارم سپورٹ یونٹ تھرپارکر کے انچارج شامداس آچاریہ نے کہا کہ یونٹ سندھ حکومت کے “پڑھے گا سندھ تو بڑھے گا سندھ” وژن کو آگے بڑھانے میں محکمہ تعلیم کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے انہیں تعلیم دلائیں، خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ وہ ایک مہذب معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل محکمہ تعلیم کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک مٹھی تک آگاہی ریلی بھی نکالی گئی، جس میں طلبہ، اساتذہ، محکمہ تعلیم کے افسران، سول سوسائٹی، این جی اوز، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button