اسلام آباد ہائیکورٹ میں جدید ای کورٹ نظام، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت پیپر لیس ہوگئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم اقدامات متعارف کرا دیے گئے، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت کو مکمل ای کورٹ اور پیپر لیس کردیا گیا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت میں عدالتی امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، جبکہ کمرہ عدالت میں جدید اسکرینیں نصب کرکے ڈیجیٹل سماعتوں کا آغاز بھی کردیا گیا۔
نئے ای کورٹ نظام کے تحت کیس مینجمنٹ، آن لائن سماعتوں اور ڈیجیٹل ریکارڈ کا استعمال کیا جائے گا، جس کا مقصد عدالتی کارروائی کو زیادہ منظم بنانا اور کاغذی ریکارڈ پر انحصار کم کرنا ہے۔
ڈیجیٹل اور ای کورٹ سماعتوں کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد منظور ججہ بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد منظور ججہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مقدمات کی کارروائی کو مزید شفاف اور تیز بنانے میں مدد ملے گی۔ وکلا اور سائلین کو عدالتی معلومات تک آن لائن رسائی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
وکلاء کا کہنا ہے کہ عدالتی نظام میں ٹیکنالوجی کا فروغ انصاف کی فراہمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔



