معاشی استحکام کیلئے کیپٹل مارکیٹ کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے مضبوط کیپٹل مارکیٹ ناگزیر ہے اور نجی شعبے کی شمولیت ملک کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔
اسلام آباد میں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی بنیادی توجہ کرنٹ اکاؤنٹ کے استحکام اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے پر ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھا کر مالیاتی نظام کو مستحکم بنانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ توانائی کے شعبے میں بھی اصلاحات جاری ہیں، خصوصاً سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور منصوبوں پر کام تیز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مالی نظم و ضبط، معاشی استحکام اور نجی شعبے کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔
خطے کی صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے جلد خاتمے کی دعا ہے تاکہ عالمی معیشت پر منفی اثرات کم کیے جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے، تاہم موجودہ حالات میں محتاط اور متوازن حکمت عملی ضروری ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ نے استحکام دکھایا ہے اور معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، جبکہ ملک کو بیرونی جھٹکوں سے محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے اور مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



