مودی نے پہلگام واقعہ اقلیتوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے استعمال کیا، رمیش سنگھ اڑورا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اڑورا نے کہا ہے کہ مودی نے پہلگام واقعہ کو اقلیتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے استعمال کیا، بھارت نے مذہبی عبادت گاہوں اور شہریوں کو نشانہ بنایا۔

پہلگام فالز فلیگ اور بھارت میں اقلیتی برادری پر مظالم کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اڑورا کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جارحیت کی کوشش کی، مودی حکومت نے نام نہاد پہلگام واقعے کو اقلیتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے بہانے کے طور پر استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف تشدد کوئی نیا رجحان نہیں، بھارت کا پہلگام فالس فلیگ پاکستان کیلئے عزت کا باعث بنا، بھارت عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے، بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر شاندار مثال قائم کی، بھارت میں مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں منانے نہیں دی گئیں۔

رمیش سنگھ اڑورا نے کہا کہ بھارت میں مختلف حیلے بہانوں سے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کا کوئی موازنہ نہیں ہے، پاکستان میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور مکمل ریاستی تحفظ حاصل ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں ہندو، سکھ ، عیسائی اور مسلمان امن و احترام کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں، بھارت کے ہاتھ اقلیتوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کا فوری نوٹس لے، عالمی برداری بھارت میں انسانی حقوق، مذہبی آزادی اور انصاف کے عالمی اصولوں کا نفاذ یقینی بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں کے عبادت گاہیں محفوظ نہیں، بھارت لاکھوں کشمیری بہن بھائیوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔

دوران پریس کانفرنس وزیر مملکت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ کوئی مذہب دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا، بھارت نے پہلگام واقعے کو بے بنیاد طور پر پاکستان سے جوڑا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر مذہب کے لوگ اپنے تہوار مل کر مناتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کو عقوبت خانہ میں تبدیل کر دیا گیا، مودی سرکار اقلیتوں کے خلاف سرکاری مشینری استعمال کر رہی ہے، بھارت میں کوئی ایک اقلیت محفوظ نہیں ہے۔

رکن قومی امن کمیٹی راجیش کمار ہر داسانی کا کہنا تھا کہ مودی نے اپنی سیاست کیلئے ہندو مذہب کے تشخص کو برباد کیا، بھارت میں ہندوؤں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی، مودی کی منفی سیاست نے بھارت کے سیکولر چہرے کو داغدار کر دیا، پاکستان میں اقلیتی برداری کو مکمل حقوق حاصل ہیں۔

اس موقع پر بشپ ندیم کامران نے کہا کہ پاکستان میں مثالی مذہبی ہم آہنگی ہے، پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مظالم پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، دستاویزی فلم میں بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مظالم کو بے نقاب کیا گیا، دستاویزی فلم میں پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل آزادی اور تحفظ کے پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button