لبنان کی امریکا میں مذاکرات کے دوران اسرائیل کیساتھ جنگ بندی میں ایک ماہ کی توسیع کی درخواست

لندن(جانوڈاٹ پی کے)لبنان نے امریکا میں ہونے والے مذکرات میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی میں ایک ماہ کی توسیع کی باضابطہ درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات ایک لبنانی اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتائی۔
اے ایف پی سے گفتگو میں لبنانی اہلکار نے مزید بتایا کہ لبنان جنگ بندی میں ایک ماہ کی توسیع کے علاوہ اسرائیلی بمباری کے خاتمے اور اس میں تباہ ہونے والے علاقوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرے گا۔
اہلکار کے بقول لبنانی وفد مستقل طور پر جنگ بندی اور اس کی پاسداری کی یقین دہانی بھی حاصل کرنا چاہتا ہے۔
دوسری جانب لبنانی صدر جوزف عون نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔
امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے ان مذاکرات میں وزیر خارجہ مارکو روبیو کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ موجودہ جنگ بندی 16 اپریل کو شروع ہوئی تھی جس کی مدت اتوار کو ختم ہو رہی ہے۔



