ہالا میں بجلی چوری کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن: غیر قانونی کنکشن منقطع، متعدد گرفتار

ہالا (رپورٹ: امجد راجپوت\جانوڈاٹ پی کے)ہالا میں بجلی چوروں اور بقایاجات کی وصولی کے لیے حیسکو حکام نے رینجرز اور پولیس کے ساتھ مشترکہ کریک ڈاؤن کیا۔ اس کارروائی میں ایس ڈی او حیسکو ہالا اسد ابڑو، لائن سپرنٹنڈنٹ جئے رام، برکت گاہوٹی اور رضوان ملاح بھی شریک تھے۔
رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کنکشن استعمال کرنے والوں اور بجلی کے واجبات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آپریشن کی اطلاع ملتے ہی بجلی چوروں اور نادہندگان میں کھلبلی مچ گئی۔
حیسکو اہلکاروں نے کارروائی کے دوران کئی غیر قانونی کنڈے اور کنکشن منقطع کر دیے جبکہ بجلی کے بقایاجات ادا نہ کرنے والے چار سے زائد افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
اس موقع پر ایس ڈی او حیسکو ہالا اسد اللہ ابڑو نے کہا کہ بجلی چوری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بقایاجات کی وصولی کے لیے سخت قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنے بجلی کے بل فوری طور پر ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ بجلی چوری کرنے والوں کی بروقت اطلاع حیسکو حکام کو دیں تاکہ بجلی چوری کی روک تھام ہو سکے اور باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



