پولیو مھم کے دوران کوئی بھی بچہ محروم نہیں رہنا چاہیے، سرمد علی بھاگت

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\ جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے ضلع میں آج سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں آج صبح سویرے سول ہسپتال مکلی ،ٹاؤن ڈسپنسری ٹھٹھہ اور دیگر پوائنٽس کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیو مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور مارننگ اسمبلی میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ میں جانے والے پولیو ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ٹیمیں قومی جذبے کے تحت بھرپور انداز میں محنت کے ساتھ کام کریں۔
انہوں نے ہدایت دی کہ پولیو ورکرز ایک قومی ہیرو کی طرح اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور ضلع کے ہر بچے تک پہنچ کر ہر صورت پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اور بھرپور محنت وقت کی اہم ضرورت اور ناگزیر ہے-
انہوں نے کہا کہ کسی بھی بچے کو اس مہم سے محروم نہیں رہنے دینا چاہیے تاکہ ضلع ٹھٹھہ کو پولیو فری بنایا جا سکے۔



