بدین،جھوٹے مقدمات کے خلاف قرآن ہاتھ میں تھام کر مزدوروں کا احتجاج

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے) بدین کے بااثر وڈیروں اور سرکاری افسروں کی جانب سے طاقت اور پیسے کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ہی ملازمین پر مختلف تھانوں میں چوری اور ڈکیتی کے جھوٹے مقدمات درج کروانے کے خلاف مزدوروں نے ہاتھوں میں پاک کتاب اٹھا کر احتجاج کیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق بدین کے گاؤں میر محمد پٹھان کے رہائشی مزدور منور علی پٹھان اور دلشاد علی پٹھان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ وڈیرہ عبدالحمید ابڑو، ریٹائرڈ ڈی ایس پی نظیر احمد ابڑو، عبدالشکور ابڑو اور حاجی احمد ابڑو کے ہاں ملازمت کرتے تھے، لیکن انہوں نے ہم پر بے گناہ ہونے کے باوجود بدین، نوابشاہ اور دولت پور کے مختلف تھانوں میں چوری اور ڈکیتی کے جھوٹے مقدمات درج کرا دیے ہیں اور ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں

متاثرہ مزدوروں نے پاک کتاب اٹھا کر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بااثر وڈیروں نے اپنے عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اور پیسے کے زور پر ہمارے معزز بزرگ جمن پٹھان اور اس کے بیٹوں سمیت ہم غریب مزدوروں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرائے ہیں۔ انہوں نے قسم اٹھا کر کہا کہ ہم بے گناہ ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ ان وڈیروں نے اپنے ہی رشتہ دار اکبر ابڑو، جو اس وقت جیل میں ہے، پر دولت پور تھانے میں چوری کا مقدمہ درج کرایا ہے جس میں ہمیں بھی ملوث ظاہر کیا گیا ہے، جو سراسر جھوٹا مقدمہ ہے مزدوروں نے الزام لگایا کہ بدین، نوابشاہ اور دولت پور کی پولیس ان افسران کے کہنے پر ہم غریب مزدوروں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر کے ہمیں ہراساں کر رہی ہے، جس کے باعث ہماری زندگی اجیرن بن گئی ہے متاثرہ مزدوروں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، سیشن جج بدین اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وڈیروں کی جانب سے درج کرائے گئے جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں، شفاف تحقیقات کر کے انہیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button