پاکستان اور افغانستان میں امن بات چیت مستحکم انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، چین

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت مستحکم انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کی ثالثی کو اہمیت دیتے ہیں اور اس کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور دوبارہ بات چیت کے لیے بیٹھنے پر آمادہ ہیں، جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ چین کے شہر ارومچی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔

چین کی مغربی سرحد پاکستان اور افغانستان، سے ملتی ہے اور وہ ان ممالک کے درمیان ثالثی کی کوشش کر رہا ہے۔

چینی ترجمان ماؤ ننگ نے یہ نہیں بتایا کہ مذاکرات کہاں ہو رہے ہیں، تاہم دونوں ہمسایہ ممالک اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ وہ شمال مغربی شہر ارومچی میں ہو رہے ہیں۔

ماؤ ننگ نے کہا کہ چین سازگار حالات پیدا کرنے اور ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے دونوں فریقوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ثالثی کر رہا ہے اور مذاکرات کو فروغ دے رہا ہے[ تینوں ممالک مناسب وقت پر مزید معلومات جاری کریں گے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نےایکس پر ایک بیان میں کہا کہ تعلقات میں پیش رفت کے لیے افغانستان سے واضح اور قابلِ تصدیق تحریری یقین دہانیاں ضروری ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ زبانی وعدے ناکافی ثابت ہوتے ہیں، جیسا کہ 2021 کے دوحہ معاہدے سے ظاہر ہوتا ہے، جس پر ٹی ٹی اے نے نہ لفظی طور پر عمل کیا اور نہ ہی اس کی روح کے مطابق۔

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی سے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں جب افغانستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات سے متعلق سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جی ہاں، پاکستان نے اپنے مستقل مؤقف کے مطابق ارومچی ایک وفد بھیجا ہے، اب ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ہمارے خدشات کو دور کرے اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ارومچی میں ہونے والے مذاکرات ورکنگ لیول کے مذاکرات ہیں، ہم اپنی کارروائیاں نہایت احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیتے ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ شہریوں کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

چین میں ہونے والے مذاکرات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہمارا وفد وہاں ابھی مصروف ہے اور واپس نہیں آیا، جب وہ واپس آئے گا تو ہمیں پیش رفت کی واضح تصویر مل سکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button