اسلام آباد معاہدے کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، ایرانی ترجمان

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت داخلہ کے ترجمان علی زینی وند نے کہا ہے کہ مسائل کے حل اور اسلام آباد معاہدے کی بحالی کے لیے بین الاقوامی سفارتی ثالثی اور کوششیں جاری ہیں۔

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق پریس بریفنگ میں علی زینی وند نے کہا کہ ایران کا مطالبہ ہے کہ معاہدے کا دوسرا فریق اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ یہ معاہدہ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل سے منظور شدہ اور سپریم لیڈر سے توثیق شدہ ہے، اس لیے اسے ایرانی نظام کا باضابطہ فیصلہ سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فعال سفارت کاری جاری ہے، جس میں ایرانی صدر کی بھارت اور کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ مختلف فریقوں سے وسیع مشاورت بھی شامل ہے۔

علی زینی وند نے ایران میں بڑھتی ہوئی قیمتوں پر عوامی تشویش کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ تمام متعلقہ حکام مہنگائی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے بعد تباہ شدہ شہری بنیادی ڈھانچے کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ رہائشی مکانات اور عوامی خدمات سے متعلق سہولتوں، جن میں پولیس اسٹیشنز بھی شامل ہیں، کی مرمت کو ان منصوبوں پر ترجیح دی جارہی ہے جنہیں فی الحال مؤخر کیا جاسکتا ہے۔

ایرانی ترجمان کے مطابق دشمن کے حملوں کے نتیجے میں ہرمزگان، گلستان اور دیگر صوبوں میں تقریباً 75 ہزار رہائشی یونٹس، بعض بنیادی ڈھانچے اور رابطہ پل متاثر ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button