ٹھٹھہ میں مویشیوں کیلئے مفت ویکسینیشن مہم کا آغاز

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\ جانوڈاٹ پی کے )محکمہ لائیو اسٹاک ٹھٹھہ کی جانب سے سندھ حکومت کے صوبائی وزیر رئیس محمد علی خان ملکاڻي کی خصوصی ہدایات پر مویشیوں کو مختلف پھیلنے والی بیماریوں سے بچانے کے لیے پری مون سون رین فلڈ کارپیٹ ویکسینیشن اور حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم ضلع ٹھٹھہ میں شروع کر دی گئی ہے۔ یہ مہم سینئر ڈاکٹروں اور عملے کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دے کر ہر یونین کونسل میں جاری کی جا رہی ہے، جس سے مال مویشی پالنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس حوالے سے محکمہ لائیو اسٹاک ٹھٹھہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر فیاض وڳڻ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبائی وزیر رئیس محمد علی خان ملکاڻي کی ہدایات پر یکم اپریل سے ضلع ٹھٹھہ میں مویشیوں کے لیے مفت پری مون سون رین فلڈ کارپیٹ ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں جیسے گل گھوٹو، نڑي پلیگ، پھیپھڑوں کی بیماری، اندھی ماتا اور منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع ٹھٹھہ میں اس مہم کے لیے 15 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو ہر یونین کونسل کے تمام دیہات میں جا کر مویشیوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر فیاض وڳڻ نے کہا کہ اس کے علاوہ محکمہ لائیو اسٹاک ٹھٹھہ کے دفتر میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے مویشی پال حضرات کو مشورہ دیا کہ وہ محکمہ کی ٹیموں سے رابطہ کریں اور اپنے مویشیوں کو بروقت ویکسین اور حفاظتی ٹیکے لگوا کر مختلف بیماریوں سے محفوظ بنائیں تاکہ ان کا مال مویشی ہمیشہ صحت مند رہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر رئیس محمد علی خان ملکاڻي مویشی پال افراد کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک سندھ کی جانب سے کئی اسکیمیں منظور کی گئی ہیں، جن سے مویشی پال افراد کو نمایاں فائدہ پہنچے۔



