طوفانی بارشوں کے پیش نظر تھرپارکر میں ہنگامی تیاریاں، ڈپٹی کمشنر کی تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے)محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پیشگی انتظامات مکمل کرنے کے حوالے سے آج ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی اداروں کے افسران سمیت ضلع کے دیگر تمام سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں سے قبل اور بارشوں کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی حکمت عملی تیار کریں اور اس سلسلے میں کنٹیجنسی پلان بنا کر ان کے دفتر میں پیش کریں۔

انہوں نے بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت دی کہ نکاسی آب کی نالیوں سے تجاوزات ختم کروا کر ان کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور نکاسی آب کی مشینری اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو فعال حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بارش کے بعد پانی کی خصوصاً سران کالونی، ریونیو کالونی، اسکول گراؤنڈ سمیت ضلع کے دیگر نشیبی علاقوں سے فوری نیکاسی آب کے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

انہوں نے ڈیپلو، اسلام کوٹ اور چھاچھرو سمیت ضلع کے تمام نشیبی علاقوں میں بارش کی صورت میں پانی کی فوری نکاسی کے لیے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے افسران کو ہدایت دی کہ ضلع کی تمام اسپتالوں، خصوصاً بنیادی صحت مراکز اور دیہی صحت مراکز میں زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ادویات کے اسٹاک اور ایمبولینسز کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے آج شام تک رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے ریسکیو 1122 کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام انتظامات مکمل کریں، خصوصاً غوطہ خوروں (ڈائیورز) کے انتظام کو یقینی بنائیں۔ انہوں نےحیسکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں اور اپنے نظام کو بہتر بنائیں۔ مزید برآں انہیں ہدایت کی گئی کہ طوفان کی صورت میں اگر کہیں کوئی کھمبا یا تار گر جائے تو اس کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے فوکل پرسن ہیں، اس لیے فیلڈ میں موجود رہیں اور تمام محکموں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں۔

مزید خبریں

Back to top button