ابوظہبی: ایران کے ڈرون و میزائل حملوں کی ویڈیوز شیئر کرنے پر 70 برطانوی شہری گرفتار

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں حکام نے ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں سے ہونے والے نقصانات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے کے الزام میں برطانیہ کے 70 شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد میں سیاح، یو اے ای میں مقیم برطانوی شہری اور فضائی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔ بعض افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے، تاہم ان کے پاسپورٹ ضبط کر لیے گئے ہیں تاکہ وہ ملک چھوڑ کر نہ جا سکیں۔

رپورٹس کے مطابق اماراتی قوانین کے تحت حساس نوعیت کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنا ہی نہیں بلکہ بعض صورتوں میں انہیں وصول کرنا بھی جرم شمار ہوتا ہے۔ ایسے جرائم پر 10 سال تک قید اور 2 لاکھ درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی اور حساس معلومات کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں ایران کے ساتھ کشیدگی عروج پر ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگ سے قبل تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار برطانوی شہری دبئی میں مقیم تھے، تاہم ایران کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے بعد ان میں سے بڑی تعداد واپس برطانیہ جا چکی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ گرفتاریاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ جنگی حالات میں خلیجی ممالک سیکیورٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کر رہے ہیں، اور سوشل میڈیا پر مواد شیئر کرنے کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button