ایپسٹین جنسی کیس: بینک آف امریکا تصفیے کیلئے 72.5 ملین ڈالر ادا کرنے پر آمادہ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) بینک آف امریکا نے مبینہ جنسی اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق ایک اجتماعی مقدمے کے تصفیے کے لیے 72.5 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
بینک آف امریکا نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ ہم جیفری ایپسٹین کے جرائم میں معاونت کے الزامات کی تردید کرتے ہیں، تاہم یہ تصفیہ ہمیں اس معاملے میں آگے بڑھنے اور مدعیان کو مزید اطمینان فراہم کرنے کا موقع دے گا۔
یہ مقدمہ ایک نامعلوم خاتون کی جانب سے خود اور دیگر متاثرین کی نمائندگی کرتے ہوئے دائر کیا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا کہ بینک کے اعلیٰ حکام نے ایپسٹین کے مبینہ جنسی سمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق واضح انتباہی علامات کو نظرانداز کرتے ہوئے اسے بینکاری اور سرمایہ کاری کی سہولتیں فراہم کیں۔
عدالتی منظوری کی صورت میں یہ تصفیہ طویل عدالتی کارروائی سے بچنے کا باعث بنے گا اور اسے مدعیان کے بہترین مفاد میں قرار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل جےپی مورگن چیز اور ڈوئچے بینک بھی 2023ء میں تقریباً 75 ملین ڈالر کے معاہدوں پر رضامند ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین کو 2008ء میں کم عمر لڑکی کو جسم فروشی پر اکسانے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی، اس نے 2019ء میں جیل میں اس وقت خودکشی کی جب وہ جنسی اسمگلنگ کے الزامات کا سامنا کر رہا تھا۔
ایپسٹین سے منسلک تازہ امریکی دستاویزات میں متعدد بااثر اور معروف شخصیات کے نام سامنے آنے کے بعد بعض افراد کو اپنے عہدوں سے مستعفی ہونا پڑا، جبکہ کئی افراد کو سرکاری تحقیقات اور عوامی سوالات کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔



