ماتلی:اقوام متحدہ بھی ایران جنگ بند کروانے کیلئے کوئی مؤثر اقدام کرنے میں ناکام رہی،لیاقت بلوچ

ماتلی ( رپورٹ ذیشان احمد گدی/جانو ڈاٹ پی کام) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں اور اس کی قیادت کی شہادت کے باوجود دنیا کے اسلامی ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور کسی نے بھی کھل کر غلط کو غلط کہنے کی جرأت نہیں کی جبکہ یہ خاموشی خود اسلامی ممالک کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، یہ بات انہوں نے ماتلی میں جماعت اسلامی بدین کے سابق امیر مولانا شیخ شوکت علی مرحوم اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر مرحوم کے صاحبزادگان ڈاکٹر عبدالمالک شیخ اور مولانا عبدالمنان شیخ سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد الطاف ملاح بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، لیاقت بلوچ نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی جنگ بندی کے لیے کوئی مؤثر اقدام کرنے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں نہ صرف قیادت بلکہ بے گناہ شہری بھی شہید ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ عالمی ادارے اپنا کردار مؤثر اور غیر جانبدار انداز میں ادا کریں تاکہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچا جا سکے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے پرامن حل، مکالمے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی حامی رہی ہے اور ہر قسم کی جارحیت کی مخالفت کرتی ہے، ان کے مطابق مسلم ممالک کو بھی چاہیے کہ وہ باہمی اتحاد اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے عالمی سطح پر اپنے اصولی مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کریں، انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک مضبوط آواز بنے اور عالمی سطح پر مظلوم اقوام کے حقوق کے لیے مؤثر کردار ادا کرے تاکہ دنیا میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button