جاپان کا پاکستان میں ٹی بی اسکریننگ کیلئے 21 ملین ین گرانٹ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)جاپانی حکومت نے پاکستان میں تپِ دق (ٹی بی) کی اسکریننگ کے لیے آلات اور گاڑی کی خریداری کے لیے ڈوپسی فاؤنڈیشن کو 21 ملین ین، تقریباً ایک لاکھ 42 ہزار 500 امریکی ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گرانٹ کے معاہدے پر یکم ستمبر 2026 کو پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی اور ڈوپسی فاؤنڈیشن کے نمائندے نے دستخط کیے۔

ڈوپسی فاؤنڈیشن کئی سال سے پاکستان کی پسماندہ کمیونٹیز کی بنیادی صحت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے۔ منصوبے کے تحت فاؤنڈیشن اسلام آباد، راولپنڈی اور ضلع چکوال میں مکمل طور پر لیس موبائل ہیلتھ یونٹ تعینات کرے گی۔

موبائل یونٹ پسماندہ آبادیوں کو ڈیجیٹل چیسٹ ریڈیوگرافی، ٹی بی اسکریننگ، خاندانی منصوبہ بندی کی مشاورت اور بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرے گا۔

منصوبے کے تحت ٹی بی کی اسکریننگ کے لیے کمپیکٹ ایکسرے سسٹم اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی بھی فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کے ذریعے سالانہ تقریباً 20 ہزار افراد کو اعلیٰ معیار کی طبی اسکریننگ کی سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

جاپانی سفیر اکامٹسو شیوچی نے کہا کہ بیماری کی بروقت تشخیص زندگیوں کو بچانے اور خاندانوں کو بیماری کے خطرے سے نکالنے سے براہِ راست منسلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جاپان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button