ٹھٹھہ:گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری پبلک اسکول مکلی میں یوم پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری پبلک اسکول مکلی میں یوم پاکستان کی ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی ہدایت پر وفاقی و صوبائی حکومت کی خصوصی سادگی اپنانے کی ہدایات کی روشنی میں گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری پبلک اسکول مکلی میں یوم پاکستان کی ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ، طالبات اور علاقے کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا، جس کے بعد طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی –

اس موقع پر اسکول کو قومی پرچموں، بینرز اور خوبصورت سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا تھا، جس سے حب الوطنی کا جذبہ نمایاں نظر آ رہا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی و دیگر مقررین نے کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہری دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہو کر ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا درس دیتا ہے، جو ہمارے عظیم قائدین کا پیغام تھا۔

مقررین نے کہا کہ قراردادِ پاکستان دراصل ایک ایسی روشن منزل کی بنیاد تھی جس نے ہمیں آزادی کی راہ دکھائی اور ہماری قومی شناخت کو ایک نیا رخ دیا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس دن کی روح کو سمجھیں اور اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ کوئی بھی قوم قربانی، محنت اور عزم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ ہمارے اکابرین نے بے شمار قربانیاں دے کر ہمیں یہ وطن عطا کیا، لہٰذا ہم سب پر فرض ہے کہ ہم اس کی قدر کریں اور اس کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

مقررین نے پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج نے ہمیشہ بے مثال کردار ادا کیا ہے، اور ان کی لازوال قربانیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کو اپنا ہتھیار بنائیں، کیونکہ تعلیم ہی وہ قوت ہے جو قوموں کو عروج تک پہنچاتی ہے۔ ایک تعلیم یافتہ اور باشعور نوجوان ہی پاکستان کو ترقی یافتہ اور مستحکم ملک بنا سکتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر حب الوطنی، دیانتداری اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ہم پاکستان کو دنیا میں ایک باوقار مقام دلوا سکیں۔

تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

دریں اثناء ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ کی جانب سے یومِ پاکستان کے موقع پر ضلع بھر کے مختلف اسکولوں اور شہروں میں تقاریب، تقریری مقابلے، ملی نغموں کے پروگرامز اور ریلیوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ و طالبات، اساتذہ ، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بھرپور شرکت کر کے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button