جاپانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے کے لیے تیار ہیں، عباس عراقچی

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے جاپان کے نشریاتی ادارے کیوڈو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جاپان اور اس سے متعلقہ جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے کے لیے تیار ہے۔
کیوڈو نیوز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جاپانی حکام کے ساتھ بات چیت پہلے ہی شروع ہو چکی ہے، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں موجود رکاوٹوں میں عارضی نرمی لانا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ کے اس بیان کے پس منظر میں جاپانی حکومت کے ایک اہلکار نے کیوڈو نیوز کو بتایا کہ ایران کے ساتھ براہِ راست مذاکرات ہی آبنائے ہرمز کا محاصرہ ختم کرنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔
اہلکار نے مزید کہا کہ اگرچہ جاپانی جہازوں کو گزرنے کی عارضی اجازت مل بھی جائے، تب بھی عالمی سطح پر جاری توانائی بحران کو حل کرنے میں کوئی خاص مدد نہیں ملے گی۔
جاپان کی وزارتِ خارجہ کے ایک اور اہلکار نے کیوڈو نیوز کو بتایا کہ عباس عراقچی کے بیان کے اصل مقاصد کا احتیاط سے جائزہ لینا ضروری ہے۔



