اسلام آباد اور راولپنڈی میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس ریلیوں کا انعقاد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)جڑواں شہروں میں یوم القدس ریلیاں میں غزہ کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل و امریکا کا انجام بہت قریب ہے۔
اسلام آباد میں یوم القدس کی مرکزی ریلی جی سکس امام بارگاہ سے شروع ہوئی۔ مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور دیگرعالمی ادارے غزہ میں اسرائیلی مظالم رکوائیں۔ علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے امت مسلمہ کے وقاراور بیت المقدس کی آزادی کیلئے قربانی دی۔۔ ٹرمپ اور نیتن یاہو کا کسی بھی طریقے سے ساتھ دینے والا فلسطینیوں کا مجرم ہے۔۔ بیت المقدس کی آزادی اوراسرائیل و امریکا کا انجام بہت قریب ہے۔۔ اس موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں قرارداد بھی منظور کی گئی۔ ریلی چائنا چوک پر اختتام پذیر ہوگئی۔۔ دوسری طرف تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں بھی یوم القدس ریلی نکالی گئی۔ امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے کمیٹی چوک تک نکالی گئی۔ ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ علامہ شبیہ الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل و امریکا ایران اور فلسطین میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہے ہیں۔ پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو ظلم کے خلاف برادر اسلامی ممالک کا ساتھ دینا ہوگا۔



