وزیرآباد میں لوگوں کی کثیر تعداد معتکف ہوگئی

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ وزیرآباد میں لوگوں کی کثیر تعداد اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مساجد میں قیام پذیرہوگئی تفصیلات کے مطابق ماہِ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی عبادت گزاروں کی بڑی تعداد اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مساجد میں قیام پذیر ہوگئے ہیں۔ علاقے کی مختلف مساجد میں معتکفین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جہاں لوگ دنیاوی مصروفیات سے کنارہ کش ہو کر عبادتِ الٰہی میں مشغول ہیں۔مساجد میں قرآنِ پاک کی تلاوت، ذکر و اذکار، نوافل اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ معتکفین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ انتہائی بابرکت اور فضیلت والا ہوتا ہے، اسی لیے وہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے اور شبِ قدر کی تلاش کے لیے اعتکاف بیٹھتے ہیں۔مساجد کی انتظامیہ کی جانب سے معتکفین کے لیے سحر و افطار اور قیام و طعام کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ مقامی مخیر حضرات بھی اس نیکی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ علما کرام کا کہنا ہے کہ اعتکاف انسان کو روحانی سکون اور اللہ تعالیٰ سے قربت حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔شہریوں نے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مساجد کے اطراف صفائی، سکیورٹی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عبادت گزار مکمل یکسوئی کے ساتھ عبادت کر سکیں۔



