وزیرآباد :علی پورچٹھہ میں پولیس مقابلہ، 2 مبینہ ڈاکو ہلاک، ایک  پولیس اہلکار زخمی

وزیرآباد(نامہ نگار) علی پورچٹھہ میں پولیس اور ناکہ زن ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ عوامی حلقوں نے حالیہ کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ علی پورچٹھہ کے سب انسپکٹر محمد شفیق پولیس پارٹی کے ہمراہ رسولنگر چوک کے قریب گشت پر مامور تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ برج تاشہ کے قریب چار مسلح ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹ رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر وائرلیس کے ذریعے دیگر موبائلز کو بھی آگاہ کیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے قریب پہنچتے ہی ملزمان نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد فاروق گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے دوران دو مبینہ ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔ بعد ازاں ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت محمد ایوب ولد محمد یوسف اور شان عرف ذیشان ولد فاروق سکنہ گوجرانوالہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اور مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضے سے دو عدد پستول اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کی ایف آئی آر تھانہ وزیرآباد میں درج تھی۔فائرنگ کے دوران رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ زخمی کانسٹیبل محمد فاروق کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ علی پورچٹھہ نے فرار ہونے والے دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ شہریوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لیے اس طرح کی کارروائیوں کو ضروری قرار دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button