بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں کٹوتی: اوباوڑو پولیس کی بڑی کارروائی، 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج

ڈہرکی (رپورٹ: وجے کمار چاولا، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) اوباوڑو پولیس نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو ملنے والی وظیفے کی رقم میں مبینہ کٹوتی کرنے والے ڈیوائس ہولڈرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق نامزد افراد میں حاجی رند، نظیر احمد رند، رحیم بخش چانڈیو، فیاض احمد ملک، عبدالغفار پنہور، غوث بخش دھونڈو اور شاہجہان گھنڃو سمیت دیگر شامل ہیں۔

مقدمے کے مطابق پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ اطلاع ملی کہ بعض ڈیوائس ہولڈرز مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقم میں سے ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک کٹوتی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو ڈیوائس سمیت گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی اوباڑو کا کہنا ہے کہ غریب اور مستحق خواتین کے وظیفے میں کٹوتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی کے پاس اس حوالے سے کوئی شکایت ہو تو فوری پولیس کو آگاہ کیا جائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں غریب خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button