دیپال پور میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 7 سالہ بچی پانچ دن بعد ہسپتال میں چل بسی

دیپال پور (محمد اسلم بھٹی) آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی سات 7 بچی پانچ روز بعد اسپتال میں چل بسی
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل زلیخاں بی بی اپنے گاؤں 44 ایس پی میں کھیتوں کے قریب واقع پولٹری فارم کے پاس سے گزر رہی تھی اچانک آوارہ کتوں کے جھنڈ نے اس پر حملہ کر دیا اور اسے زمین پر گرا کر جسم کے مختلف حصوں کو بری طرح زخمی کر دیا۔بچی کی چیخ و پکار سن کر اہل علاقہ نے موقع پر پہنچے اور بڑی مشکل سے اسے کتوں سے چھڑایا۔شدید زخمی حالت میں بچی کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حویلی لکھا منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے تشویشناک حالت کے باعث ڈی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ ریفر کر دیا گیا جبکہ بعد ازاں حالت مزید بگڑنے پر ڈاکٹروں نے بچی کو لاہور منتقل کر دیا جہاں وہ پانچ روز تک زیر علاج رہنے کے باوجود جانبر نہ ہو سکی۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں آوارہ کتوں کی بہتات ایک عرصہ سے سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے اور متعدد شکایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی۔شہریوں نے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ افسوسناک سانحے کا فوری نوٹس لیا جائے اور آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے معصوم جانوں کو بچایا جا سکے۔



