خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی مواقع میں برابر کی شرکت معاشرتی ترقی کیلئے ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن ) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے، خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی مواقع میں برابر حق دیا جانا چاہیے، خواتین معاشرے کی بنیاد ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ مکلی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت کی سرپرستی میں سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے اشتراک سے کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے مزید کہا کہ معاشرے کے ہر ادارے اور ہر شعبے میں خواتین کا کردار نہایت اہم رہا ہے، اگر عورت نہ ہوتی تو نہ صرف معاشرہ بلکہ مرد بھی ترقی نہیں کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب عورت معاشی طور پر خودمختار ہوتی ہے تو وہ اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر تمام ورکنگ ویمن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی کیونکہ جب تک وہ بولیں گی نہیں انہیں معاشرے میں مناسب جگہ نہیں مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین تو موجود ہیں تاہم ان پر مکمل عملدرآمد ابھی باقی ہے، اس حوالے سے غیر سرکاری تنظیموں کا کردار قابلِ تعریف ہے جو دور دراز علاقوں میں جا کر خواتین کو ان کے حقوق اور مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرے میں یہ تاثر غلط ہے کہ خواتین صرف چند مخصوص شعبوں جیسے تدریس یا طب تک محدود رہ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین پولیس، صحت، تعلیم، سائنس اور حتیٰ کہ خلائی تحقیق جیسے شعبوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں، دنیا میں ایسا کوئی میدان نہیں جہاں مرد کام کر سکتا ہو اور عورت نہ کر سکے، اس غلط تصور کو ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ بین المحکماتی تعاون اور این جی اوز کے اشتراک سے ایک خصوصی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں خواتین کی صلاحیتوں، خدمات اور کامیابیوں کو اجاگر اور سراہا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین اور تنظیموں میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اور پروگرام کے انعقاد میں تعاون کرنے والی تمام این جی اوز اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خواتین کی جانب سے لگائے گئے ہینڈیکرافٹ کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ تقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر II ولید ڈاوچ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ڈاکٹر سعدیہ چانڈیو، حمیرہ، عروج ترک اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور خواتین کے حقوق، تعلیم اور بااختیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں ڈی ایچ او ڈاکٹر صفدر علی شاہ، ڈی ای او سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی، ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر مہرین اقبال سومرو، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر محفوظ علی سومرو، پرنسپل پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ فرحان میمن سمیت مختلف محکموں کے افسران کے علاوہ این آر ایس پی، ایس آر ایس او، رائٹ ٹو پلے، آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ، ہینڈز، سافکو، آغا خان رورل سپورٹ پروگرام اور دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت پروفیسرز، لیڈی ڈاکٹرز، لیڈی وکلاء، لیڈی پولیس، اساتذہ، طالبات اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



