ڈہرکی: پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کو ورثاء اور پولیس سے خطرہ،اعلیٰ حکام سے تحفظ کا مطالبہ

ڈہرکی (رپورٹ: وجے کمار چاولا)ڈہرکی میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے احتجاج کرتے ہوئے ایس ایس پی گھوٹکی اور دیگر اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے علاقے چک نمبر 78 کی رہائشی خاتون دعا فاطمہ اپنے شوہر عدنان کے ہمراہ میڈیا کے سامنے پیش ہوئیں اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مرضی اور رضامندی سے گھر چھوڑ کر نوجوان عدنان کے ساتھ عدالت میں پسند کی شادی کی ہے۔خاتون کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد ان کے ورثاء نے داد لغاری تھانے میں عدنان کے خلاف انہیں زبردستی اغوا کرنے کا جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ داد لغاری پولیس ان کے ورثاء کے ساتھ مل کر ان کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے اور انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔

دعا فاطمہ نے واضح کیا کہ انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنی خوشی اور رضا مندی سے عدنان کے ساتھ شادی کی ہے۔انہوں نے ایس ایس پی گھوٹکی اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ داد لغاری پولیس کی مبینہ زیادتیوں کا نوٹس لے کر انہیں اور ان کے شوہر کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button