بیروت اور بغداد میں امریکی سفارت خانوں کے اطراف کشیدگی، مظاہرے اور غیر معمولی سرگرمیاں

بیروت / بغداد (ویب ڈیسک) لبنانی دارالحکومت بیروت میں امریکی سفارت خانہ بیروت کے اطراف غیر معمولی سرگرمیوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ روسی میڈیا کے مطابق سفارت خانے کی جانب تیزی سے بڑھتے ٹرک دیکھے گئے اور کچھ دیر بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، تاہم ابھی تک واقعے کی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی۔
بغداد میں مظاہرے اور گرین زون کا خطرہ
ادھر عراق کے دارالحکومت بغداد میں بھی امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرے شروع ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور گرین زون کی جانب بڑھنے کی کوشش کی۔
مظاہرین نے نعرے بازی کی اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ بعض ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ مظاہرین گرین زون کے داخلی راستوں کے قریب گاڑیاں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گرین زون کی اہمیت
گرین زون بغداد عراق کا انتہائی سکیورٹی والا علاقہ ہے جہاں عراقی حکومت، پارلیمنٹ اور غیر ملکی سفارت خانے واقع ہیں۔ خطے میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ادارے الرٹ ہیں اور شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی گئی ہے، جبکہ حالات پر نظر رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔



