سندھ ایک تھا،ایک ہے اور ایک ہی رہے گا،حافظ نصر اللہ چنا

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ایم پی اے محمد فاروق فرحان نے سندھ اسمبلی میں سندھ کی وحدت کے حق میں ووٹ دے کر ان عناصر کو واضح پیغام دیا ہے جو صوبے کی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں کہ سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو لوٹنے والوں کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ جامعہ اسلامیہ بدین میں منعقدہ دعوتِ افطار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مدیر جامعہ فتح خان کوسو اور دیگر مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نصراللہ چنا نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، تقویٰ اور احتسابِ نفس کا درس دیتا ہے اور ساتھ ہی ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی و سماجی قوتیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سندھ کے وسیع تر مفاد میں متحد ہوں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن، بدانتظامی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے اور جماعت اسلامی ہر سطح پر شفافیت، دیانتداری اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ کی وحدت، خوشحالی اور ترقی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا

مزید خبریں

Back to top button