پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ٹیرف ریٹ کوٹہ معاہدہ طے، دوطرفہ تجارت میں تسلسل یقینی

برسلز (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ٹیرف ریٹ کوٹہ (TRQ) معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔ یہ معاہدہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج (بریگزٹ) کے بعد پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دوطرفہ تجارت میں تسلسل اور قانونی وضاحت کو یقینی بنائے گا۔
برسلز میں ہونے والی دستخطی تقریب میں یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی اعتماد میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا۔
معاہدے کے ذریعے کثیرالجہتی نظام اور قواعد پر مبنی عالمی تجارت سے وابستگی کا واضح پیغام دیا گیا۔ پاکستان اور یورپی یونین نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ تعاون کے مضبوط جذبے، باہمی اعتماد اور تکنیکی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ایک مضبوط اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی تجارتی نظام کے تحفظ کے عزم کا بھی مظہر ہے۔
سفیر نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون پر روشنی ڈالی، جس میں کثیر فریقی عبوری اپیل ثالثی انتظام (MPIA)، ترقیاتی معاہدوں کے لیے سرمایہ کاری کی سہولت، تجارت اور صنفی تحفظ کے اقدامات شامل ہیں۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، جہاں جی ایس پی پلس کے تحت یورپ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی آر کیو معاہدہ واضح ذمہ داری، رپورٹنگ اور تصدیقی انتظامات کے ذریعے اس فریم ورک کی تکنیکی بنیادوں کو مزید مضبوط بناتا ہے۔



