تھرپارکر میں لڑکیوں کیلئے STEAM تعلیم کا اہم منصوبہ حبیب بینک فاؤنڈیشن اور تھر ایجوکیشن الائنس کے تعاون سے شروع

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر میں لڑکیوں کو STEAM تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے تھر ایجوکیشن الائنس نے حبیب بینک فاؤنڈیشن کے تعاون سے ایک اہم منصوبہ شروع کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ افتتاح مٹھی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے ذریعے کیا گیا۔
تقریب میں حبیب بینک فاؤنڈیشن کے سینیئر پروگرام منیجر (مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن) ذکی احمد شیخ، تھر ایجوکیشن الائنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پرتاب شیوانی، ضلع کونسل تھرپارکر کی وائس چیئرپرسن کملا بھیل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری شمس الدین راٹھور، محکمہ تعلیم کے افسران اور مختلف سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ٹیچرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حبیب بینک فاؤنڈیشن کے سینیئر پروگرام منیجر ذکی احمد شیخ نے کہا کہ حبیب بینک فاؤنڈیشن، تھر ایجوکیشن الائنس کے تعاون سے تھر کی لڑکیوں کو STEAM تعلیم فراہم کرنے کے لیے یہ منصوبہ شروع کر رہی ہے، جس کے تحت طالبات اور اساتذہ کو تربیت سمیت دیگر مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔
تھر ایجوکیشن الائنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پرتاب شیوانی نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھرپارکر میں حبیب بینک فاؤنڈیشن کے تعاون سے شروع کیے گئے اس منصوبے میں محکمہ تعلیم تھرپارکر مکمل شراکت دار ہے۔ ابتدائی طور پر ضلع کے 8 سرکاری اسکولوں میں، جہاں طالبات کی تعداد زیادہ ہے، STEAM تعلیم متعارف کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر ایجوکیشن الائنس کا واضح مشن تعلیمی منظرنامے کو تبدیل کرنا ہے تاکہ نوجوان لڑکیوں کو اکیسویں صدی کی وہ مہارتیں فراہم کی جا سکیں جو انہیں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کی قیادت کے قابل بنائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت STEAM لیب قائم کی جائے گی، 32 اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جائے گی اور 200 طالبات کو بطور STEAM چیمپئنز رہنمائی فراہم کی جائے گی، تاکہ سرکاری اسکول نظام کے اندر ایک پائیدار تعلیمی ماحولیاتی نظام تشکیل دیا جا سکے۔ منصوبے کے ذریعے 32 ہزار سے زائد نوجوان زندگیوں کو مستفید کیا جائے گا، سائنس کلبز قائم کیے جائیں گے اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے سائنسی سوچ کو فروغ دیا جائے گا۔ منصوبے کے اختتام پر STEAM فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری شمس الدین راٹھور نے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم لڑکیوں اور اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی، اور محکمہ تعلیم تھرپارکر اس منصوبے کے لیے مکمل تعاون کرے گا۔
ضلع کونسل تھرپارکر کی وائس چیئرپرسن کملا بھیل نے کہا کہ تھر ایجوکیشن الائنس کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے شروع کیا گیا یہ منصوبہ قابلِ تحسین ہے، جس کے لیے ضلع کونسل بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم ہی تھر کی اصل ترقی ہے۔
تقریب میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈسٹرکٹ مینیجر نریش کمار مہیشوری، ریفارم سپورٹ یونٹ کے فوکل پرسن شامداس آچاریہ، ارجن کمار، صنم میمن، مریم صدیقہ، صدیق دل، راجیش مورانی، پدما لوڈھا، راجا شرما اور دیگر سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ٹیچرز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔



