وزیرآباد :تیز رفتار کاروں کےتصادم میں موٹر سائیکل سوار کچلاگیا،ایک جاں بحق

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) تیز رفتار کاروں کے درمیان موٹرسائیکل سوار نوجوان کچلا گیا، ایک جاں بحق، دوسرا شدید زخمی۔علی پورچٹھہ کے نواحی علاقے میں تیز رفتاری ایک اور قیمتی جان لے گئی جہاں دو کاروں کے درمیان پھنس کر ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ نواحی گاؤں معراجکے چٹھہ کا رہائشی 22 سالہ احمد ظہور اپنے ساتھی احمد ذیشان کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گاؤں اڈے کی جانب آ رہا تھا۔ اسی دوران ایک تیز رفتار کار جو مبینہ طور پر کوٹ ہرا سے رسول نگر کی جانب جا رہی تھی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔ کار بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی دوسری گاڑی سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار دونوں گاڑیوں کے درمیان آ گئے۔حادثے کے نتیجے میں احمد ظہور موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 16 سالہ احمد ذیشان شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ علی پورچٹھہ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاش کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی جبکہ زخمی نوجوان کے علاج کا بندوبست کیا گیا۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور اہلِ علاقہ نے تیز رفتاری کے بڑھتے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر رفتار کی حد پر سختی سے عملدرآمد اور ذمہ دار ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔



