ریاست مخالف پروپیگنڈا، جھوٹی، غیر مصدقہ اور بے بنیاد افواہیں پھیلانے والی خبروں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈی سی مٹیاری

ھالا (رپورٹ امجد راجپوت، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ریاست مخالف پروپیگنڈا، جھوٹی، غیر مصدقہ اور بے بنیاد افواہیں پھیلانے والی خبروں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ اس سلسلے میں صحافی برادری اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ وہ آج اپنے دفتر میں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے افسران اور صحافیوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ضلع مٹیاری کے پریس کلبوں کے صدور، جنرل سیکریٹریز، اراکین کے علاوہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے کہا کہ ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ریاست کے خلاف منفی اور من گھڑت پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی خبریں پھیلانے والے، غیر مصدقہ نیوز چینلز اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، جن کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کو کسی بھی صورت میں رعایت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن، ہم آہنگی اور قانون کی بالادستی کے لیے انتظامیہ اور میڈیا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
اجلاس میں عطائی صحافیوں اور ویب چینلز چلانے والوں کے حوالے سے بھی غور و خوض کیا گیا، جبکہ موجود صحافیوں نے اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں اور ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت پر زور دیا۔ صحافیوں کا کہنا تھا کہ درست، مصدقہ اور متوازن خبریں فراہم کرنے سے ہی معاشرے میں آگاہی اور استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔ صحافیوں نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں افسران کے ساتھ اجلاس کے دوران ضلع میں بجلی چوری کی روک تھام، غیر قانونی طور پر چلنے والے پیٹرول پمپوں، ورک ویزا کے بغیر مقیم غیر ملکیوں، غیر قانونی گوداموں، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور سگریٹس، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں، مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے والے تاجروں اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔



