سندھ کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،علامہ راشد محمود سومرو

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے عوام کے حقوق اور جان و مال کے تحفظ کے لیے جے یو آئی اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس عزم کا اظہار لاڑکانہ میں شہید علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقدہ سالانہ کانفرنس میں کیا گیا.جے یو آئی (ف) کے مرکزی ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر انجینئر ضیاء الرحمن، صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، پنجاب کے سیکریٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، معروف مبلغ مفتی عبدالواحد قریشی، مولانا ناصر محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاگیردانہ اور سرمایہ دارانہ طبقات کی نااہل حکمرانی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ پاکستان اسلام کے نفاذ کے لیے قائم ہوا تھا مگر آج تک اسلامی نظام سے محروم ہے۔ ماضی میں روٹی کپڑا مکان، قرض اتارو ملک سنوارو، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھروں اور مدینہ کی ریاست جیسے نعروں سے عوام کو بارہا دھوکا دیا گیا۔

رہنماؤں نے کہا کہ ملک آج بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ بنیادی سہولیات کی کمی، کسانوں کا معاشی قتل، اسپتالوں میں غیرمعیاری صحت سہولیات اور طبقاتی تعلیمی نظام نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ انہوں نے سندھ و بلوچستان میں غیر اسلامی قوانین کے نفاذ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے معاشرتی بے راہ روی میں اضافہ ہوگا اور نکاح جیسے مقدس عمل کو مشکل بنا دیا جائے گا۔ مقررین نے سندھ میں کارونجھر پہاڑ سمیت قدرتی وسائل اور جزائر کی فروخت کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی ایسے منصوبوں کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔ جے یو آئی ملک کے آئین، جمہوریت اور اداروں کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی. اس موقع پر علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو شہید کی دینی، ملی اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا گیا کہ ان کا مشن جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button