تھرپارکر میں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ کی آگاہی مہم تیز

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی کی خصوصی ہدایات پر ضلع تھرپارکر کے ڈسٹرکٹ افسر اجئے کمار روپانی نے لائیو اسٹاک اینڈ اینمل ہسبینڈری کی جانب سے کانگو وائرس کے حوالے سے مالوند لوگوں اور تھر کی عوام میں آگاہی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جانوروں کی صفائی کے دوران دستانے استعمال کیے جائیں، جانوروں کے باڑوں میں باقاعدگی سے چچڑوں کے خاتمے کے لیے اسپرے کیا جائے، ذبح کرنے یا گوشت کاٹنے کے دوران ہاتھ، کپڑے اور اوزار صاف ستھرے رکھے جائیں، اور جانور خریدتے وقت اچھی طرح دیکھیں کہ اس پر چچڑ نہ ہوں۔ لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ تھرپارکر کی ٹیکنیکل ٹیمیں جانوروں کے ہسپتالوں اور مال پڑیوں میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کانگو وائرس چچڑوں کے ذریعے پھیلتا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں کانگو وائرس کا ایک کیس اسپتال میں رجسٹر ہونے کے بعد صوبائی وزیر نے نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں، کیونکہ کانگو وائرس انسانی صحت کے لیے بھی انتہائی خطرناک ہے۔ لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اجئے کمار روپانی نے مزید کہا کہ لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ تھرپارکر عوام کی صحت اور جانوروں کی بہتری کے لیے ہر سطح پر اقدامات کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔



