مٹھی:آگ لگنے سے کسان کی پوری فصل راکھ کا ڈھیر بن گئی

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) چھاچھرو تعلقہ کے گاؤں پاوویرو میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کسان تنو بھانو کی سال بھر کی محنت اس وقت برباد ہوگئی جب اس کی تیار فصل کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کے باعث تقریباً 70 من گوار، 50 من باجرا، 7 من مونگ اور 150 من دھان جل کر خاکستر ہوگئے، جس سے کسان کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
متاثر کسان تنو بھانو کا کہنا تھا کہ بارانی علاقوں میں ہونے والی فصل ہی ان کے بچوں کے کھانے اور مویشیوں کے لیے چارے کا ذریعہ ہوتی ہے، لیکن فصل جل جانے کے بعد وہ شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس نقصان نے نہ صرف ان کی سال بھر کی محنت برباد کر دی ہے بلکہ گھر کا خرچ چلانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔



