بدین میں گیس لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سردیوں کے موسم کے آغاز کے بعد بھی بدین شہر سمیت ضلع کے دیگر شہروں اور دیہی علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے روزانہ 12 سے 14 گھنٹے تک گیس کی بندش کی جا رہی ہے، جس کے باعث نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ کمرشل بنیادوں پر چلنے والے کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ سردی شروع ہوتے ہی گیس کا پریشر بھی جان بوجھ کر کم کر دیا گیا ہے، جس سے صارفین کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ گھریلو صارفین اور چھوٹے کاروباری حضرات سخت پریشانی میں مبتلا ہیں بدین ضلع جہاں گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں اور انہی ذخائر سے حیدرآباد، کراچی سمیت سندھ اور ملک کے دیگر اضلاع کو باقاعدگی سے گیس فراہم کی جا رہی ہے، افسوس کہ خود بدین کے رہائشی گیس کی قلت اور کم پریشر کے عذاب میں مبتلا ہیں بدین کے شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہونے کے بعد بھی کئی علاقوں میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک گیس بحال نہیں ہوتی، جس کے باعث گھروں اور ہوٹلوں کے چولہے بند پڑے ہیں۔ سرد موسم میں بزرگ، مریض، خواتین اور بچے گیس کی قلت سے سخت پریشان ہیں، جبکہ تندور، ہوٹل، نان بائی اور دیگر روزمرہ کاروبار کرنے والوں کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے گیس صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بدین ضلع میں فوری طور پر گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے، مقررہ پریشر بحال کیا جائے اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button