حکومت فلاحی منصوبوں کے ذریعے عوام کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے، بابر علاؤالدین

وزیر آباد (نامہ نگار) شاداب اور خوشحال پاکستان کی تکمیل کے لئے انصاف اور شفافیت پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔سیاست میں باشعور اور وطن دوست افراد ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔معاشرے کے دکھی طبقوں کی دادرسی میں مسلم ھینڈز کا کردار خدمت انسانیت کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہارمشیر وزیر اعلیٰ پنجاب  بریگیڈیئر ریٹائرڈ بابر علاؤالدین نے مسلم ہینڈز پاکستان کے زیر انتظام مسلم ھینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس سوہدرہ وزیر آباد کے محمد رشید فٹبال گراؤنڈ میں چوتھی آل پاکستان مسلم ھینڈز انٹر سکولز فٹبال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت فلاحی منصوبہ جات کے ذریعے عوام کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے اور علاقہ میں طرز زندگی کو مثالی بنانے کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔  امیدوار این اے66بلال فاروق تارڑ نے کہاکہ تعلیم کا شعبہ قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور ہماری تمام تر توانائیاں قوم کی امانت ہیں،سائنسی علوم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے سے ملک اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کر رہا ہے۔مسلم ھینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر صاحبزادہ سید ضیاء النور نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ مثبت فکر کے حامل نوجوان وطن کا قیمتی اثاثہ ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیل کے میدان سجا کر نوجوان نسل کو تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلم ھینڈز اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اس موقع پر مسلم ھینڈز سکول آف ایکسیلنس کے بچوں نے پاکستان کے تمام علاقوں کی ثقافت پر مبنی رنگارنگ ٹیبلو پیش کئے۔مسلم ھینڈز کالج کے ہونہار طالب علم شاہیر بیگ نے اپنے بنائے ہوئے ڈرون اور جیٹ طیارے کے ذریعے شاندار فضائی شو کا مظاہرہ کر کے حاضرین کو دنگ کر دیا۔مہمانان خصوصی نے پرائز ٹیبل پر چیمپئن شپ کی ٹرافیوں کی رونمائی کر کے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ چیمپئن شپ کا افتتاحی میچ گوجر خان لیپرڈز نے گزشتہ سال کی چیمپئن پشاور ٹائیگرز کو تین صفر کے مارجن سے شکست دے کر جیت لیا۔تقریب میں ممتاز صنعت کاروں محمد رضوان،محمد اشفاق بھٹی، مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ناصر محمود اللہ والے،سنیئرنائب صدر محمد اکبر بٹ، انجمن آرائیاں کے صدر چوہدری احمد سعید،مسلم لیگی راہنما محمد ادریس سپال ایڈووکیٹ، میاں مدثر نذیر، سماجی شخصیات افتخار حسین صدیقی،پر پراجیکٹ مینجر امجد محمود صدیقی،زاہد محمود ہاشمی،نعیم قیصر نجمی،سمیت طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مسلم ھینڈز کے پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک کے مطابق چار روزہ چیمپئن شپ کے پہلے تین روز بارہ ٹیموں کے درمیان سولہ میچ کھیلے جائیں گے اور اختتامی روز سیمی فائنلز، فائنل اور تیسری چوتھی پوزیشن کے میچز کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button