امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں تیز، قطری ثالث دوبارہ تہران پہنچ گئے

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی کوششوں کے سلسلے میں قطر کے ثالث جمعے کو ایک بار پھر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مذاکرات سے باخبر ایک عہدیدار نے بتایا کہ قطری ثالث تہران میں امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ثالثی کی یہ کوششیں امریکا کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کے تحت آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔
عہدیدار کے مطابق قطر دونوں فریقوں کے درمیان سفارتی رابطے برقرار رکھنے اور کسی ممکنہ سمجھوتے کی راہ ہموار کرنے کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔
تاہم قطری وفد کے ایرانی حکام سے ممکنہ ملاقاتوں، مذاکرات کے ایجنڈے اور معاہدے کی شرائط سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ ان سفارتی رابطوں کے نتیجے میں کسی حتمی سمجھوتے کا اعلان کب تک ممکن ہوگا۔
واضح رہے کہ قطر ماضی میں بھی خطے کے مختلف تنازعات میں ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ قطری ثالثوں کی دوبارہ تہران آمد کو واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی کوششوں کے تسلسل اور ممکنہ معاہدے کی جانب ایک نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



