سندھ حکومت کا ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام نومبر سے شروع کرنے کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق پروگرام کا آغاز آئی ورک فار سندھ (I Work for Sindh) پلیٹ فارم کے ذریعے کیا جائے گا، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرنا اور روزگار کے بہتر مواقع تک رسائی میں مدد دینا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے اور آگے بڑھنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم میسر ہو۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ورک فار سندھ کے تحت ہنرمند افراد کے لیے کمپنیوں کے اشتراک سے فزیکل شارٹ کورسز کا اگلا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا۔ ان کورسز میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں صرف روایتی تعلیم کافی نہیں بلکہ عملی مہارت اور پیشہ ورانہ تربیت بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ کمپنیوں کے تعاون سے شروع کیے جانے والے کورسز نوجوانوں کو ملازمتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دیں گے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق آئی ورک فار سندھ پلیٹ فارم پر اب تک 53 لاکھ سے زائد وزٹس ریکارڈ کی جا چکی ہیں، جبکہ رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد بڑھ کر 137,770 اور رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 726 ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پلیٹ فارم پر اس وقت 26,677 فعال ملازمتیں موجود ہیں اور ملازمتوں کے لیے جمع کرائی جانے والی درخواستوں کی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 4,800 امیدوار مختلف کورسز مکمل کر چکے ہیں، جبکہ تقریباً 6,000 امیدوار اس وقت مختلف کورسز میں زیرِ تربیت ہیں۔



