محمود اچکزئی پر سارا ملبہ نہ ڈالیں، سیاسی مسائل کا حل مذاکرات ہیں، علامہ ناصر عباس

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات میں سارا ملبہ محمود خان اچکزئی پر نہیں ڈالنا چاہیے، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی خاطر اپنی دوستیاں بھی قربان کی ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی چاہیے کہ جماعت میں اکثریت کی رائے سے جو فیصلہ ہو، اسی کا اظہار کریں اور اس فیصلے کو اہمیت دیں۔
انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی پہلے بھی اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ تمام فریق مل بیٹھ کر بات چیت کریں، اور وہ خود بھی یہی سمجھتے ہیں کہ ملک کو درپیش سیاسی مسائل کا واحد حل سیاسی راستہ اختیار کرنا ہے۔
علامہ ناصر عباس نے زور دیا کہ ملک میں جمہوری حکومت قائم ہو، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں اور سیاسی استحکام کے ذریعے پاکستان کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے۔



