عمران خان کو بھارت چھوڑنے کے حکم کے خلاف عارضی ریلیف مل گیا، ہائی کورٹ نے نوٹس معطل کردیا

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار عمران خان کو بھارت چھوڑنے کے حکم کے خلاف قانونی جنگ میں عارضی ریلیف مل گیا، ممبئی ہائی کورٹ نے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) کی جانب سے جاری نوٹس آئندہ سماعت تک معطل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق کیس کی اگلی سماعت پیر، 2 نومبر کو سہ پہر 3 بجے ہوگی۔ عامر خان کے بھانجے عمران خان امریکی شہری ہیں اور ان کے پاس اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کارڈ بھی موجود ہے۔

بمبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مہیش چندرا ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے معاملے کی مختصر سماعت کی۔ اس موقع پر مرکزی حکومت کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی جائے۔

ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انیل سنگھ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اگلی سماعت تک عمران خان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب اداکار کے سینئر وکیل وینکٹیش دھونڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آر آر او کے حکم کے تحت عمران خان کو اگلے ہی روز بھارت چھوڑنا تھا۔

اطلاعات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما کرٹ سومیا نے پولیس کو شکایت دی تھی کہ عمران خان بھارتی شہری نہیں بلکہ امریکی شہری ہیں، لہٰذا ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ اس شکایت کے بعد پولیس نے معاملہ ایف آر آر او کو بھجوا دیا تھا۔

یہ معاملہ 10 اکتوبر کو اس وقت شروع ہوا جب ممبئی پولیس نے عمران خان کو اگست کرانتی میدان کے قریب سے حراست میں لیا۔ اس مقام پر ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کے لیے جاری خصوصی مہم، جسے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کہا جاتا ہے، کے خلاف احتجاج کیا جا رہا تھا۔ مظاہرین چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔

ہائی کورٹ کے عبوری حکم کے بعد عمران خان کو اگلی سماعت تک عارضی ریلیف مل گیا ہے، جبکہ کیس کے آئندہ مرحلے میں معاملے پر مزید کارروائی متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button