حکومت سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے باقی چار نام بھی سامنے آگئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت سے مذاکرات اور پارلیمانی معاملات چلانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مجوزہ چھ رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی کے باقی چار ارکان کے نام بھی سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں بیرسٹر گوہر، چیف وہپ عامر ڈوگر، سینیٹر بیرسٹر علی ظفر اور پیر نور الحق قادری کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی نے حکومت سے مذاکرات اور پارلیمانی معاملات کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے چھ رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی تھی، جس کی سربراہی محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی میں دو ارکان قومی اسمبلی اور دو سینیٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجوزہ ارکان میں بیرسٹر گوہر، عامر ڈوگر، بیرسٹر علی ظفر اور پیر نور الحق قادری کے نام شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں وزیراعظم سے ملاقات اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری اسٹیئرنگ کمیٹی ادا کرے گی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے صرف محمود خان اچکزئی یا علامہ راجا ناصر عباس ہی نہیں جائیں گے بلکہ کمیٹی اجتماعی طور پر یہ معاملات آگے بڑھائے گی۔

اسٹیئرنگ کمیٹی روزمرہ کے معاملات چلانے میں خودمختار ہوگی، تاہم پارٹی فیصلوں اور حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے اسے پارلیمانی کمیٹی سے فیصلوں کی توثیق حاصل کرنا ہوگی۔

مجوزہ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد حکومت سے رابطوں، مذاکراتی عمل اور پارلیمانی امور کو ایک منظم طریقہ کار کے تحت آگے بڑھانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button