حکومت نے آئین اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے قومی مفاہمت ناگزیر ہے، پی ٹی آئی رہنما

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے حکومت پر آئین اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی مفاہمت، آئین کے احترام اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے مشترکہ بیان جاری کیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا سیاسی منظرنامہ افسوسناک صورت حال اختیار کرچکا ہے اور ان کے بقول موجودہ حکومت منظم انداز میں آئینِ پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی منظرنامے سے باہر رکھنے کے لیے غیر قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بیان میں رہنماؤں نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان ترامیم سے عدلیہ کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا کی آواز دبانے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مبینہ مقابلوں میں تین ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا۔

رہنماؤں کے مطابق سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے، جس سے ملک کی معاشی صورت حال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔

مشترکہ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اپوزیشن کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات شروع کیے جائیں، آئین کا احترام اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے اور عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قومی مفاہمت اور آئینی اصولوں کی پاسداری کے ذریعے ہی ملک کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکالنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button