نیتن یاہو عرب اکثریتی علاقوں میں’’ہائی ووٹر ٹرن آؤٹ‘‘سے پریشان

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو عرب اکثریتی علاقوں میں ’ہائی ووٹر ٹرن آؤٹ‘ سے پریشان ہوگئے۔
نیتن یاہو نے الیکشن کے دن یہودی ووٹرز سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی اور کہا کہ عرب علاقوں میں لمبی لائنیں لگی ہیں، وہ بہت ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہودی ریاست کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، یہودی گھر میں نہ بیٹھیں، باہر نکلیں، دوسروں سے بھی ووٹ ڈلوائیں، ورنہ اسرائیل میں عرب جماعتوں کی حکومت بن جائے گی۔
اسرائیلی عام انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ کا نیا ریکارڈ بنتا نظر آرہا ہے، دوپہر بارہ بجے 31 اعشاریہ 5 فیصد افراد نے ووٹ کاسٹ کرلیا، یہ 1973 کے بعد سے اس وقت تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
مبصرین کے مطابق زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ نیتن یاہو کے لیے بری خبر لا سکتا ہے کیونکہ بہت بڑی تعداد ایسے نوجوانوں کی ہے جو پہلی بار ووٹ ڈال رہے ہیں اور موجودہ وزیراعظم کی پالیسیوں کو غلط سمجھتے ہیں۔
دوسری طرف یہ خبر بھی آئی ہے کہ اسرائیل کے عرب اکثریتی علاقوں میں یہودی قابضین نے ووٹنگ کو سست کروانا شروع کردیا ہے۔
مقامی سیاست دان احمد طیبی کے مطابق یہودی قابضین جان بوجھ کر ووٹنگ عمل کو سست روی کا شکار کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ عرب اکثریتی علاقوں میں بہت بڑی تعداد میں ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرنے گھروں سے نکلے ہیں اور پولنگ اسٹیشنز کے باہر لمبی قطاریں لگی ہیں۔
احمد طیبی نے کہا کہ ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کیے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ادھر اسرائیلی الیکشن کمیٹی نے ’دھاندلی‘ کی خبریں مسترد کردی ہیں۔



