متحدہ عرب امارات کے ساحلوں پر تیل پھیل گیا، شارجہ اور راس الخیمہ کے ساحل بند

(24 نیوز) متحدہ عرب امارات کے ساحلی علاقے میں ایک ٹینکر سے خارج ہونے والا تیل وسیع علاقے میں پھیل گیا، جس کے بعد شارجہ اور راس الخیمہ کے ساحلوں کو بھی تاحکمِ ثانی بند کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر میں اماراتی ساحلوں کے اطراف سمندر میں تیل پھیلا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جس سے ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل جمعے کے روز ٹینکر سے تیل کے اخراج کے باعث ام القوین کے تمام ساحلوں اور ساحلی علاقوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ تازہ صورتحال کے پیش نظر شارجہ اور راس الخیمہ کے ساحلوں پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
اماراتی حکام کے مطابق تیل کے اخراج پر قابو پانے اور متاثرہ ساحلی علاقوں سے تیل صاف کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے ساحلی ماحول کو مزید نقصان سے بچانے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



