تین سالہ بچے کی فٹبال میں غیر معمولی مہارت تنازع بن گئی، یوتھ لیگ سے اخراج پر پولیس طلب

نیواڈا (ویب ڈیسک) امریکا میں تین سالہ بچے کو فٹبال میں غیر معمولی مہارت دکھانے پر یوتھ لیگ سے نکالنے کا معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر گیا، جبکہ منتظمین کی شکایت پر پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیواڈا سے تعلق رکھنے والے بچے کے والدین، مارتاسیا گریفن اور ڈان پیئر، کا مؤقف ہے کہ ان کے بیٹے کو دوسرے بچوں کے مقابلے میں بہتر کھیلنے اور زیادہ گول کرنے کی وجہ سے لیگ سے باہر کیا گیا۔

والدین نے سوشل میڈیا پر بچے کی ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں وہ مخالف کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گول کرتا دکھائی دیتا ہے۔ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

پولیس کی باڈی کیمرہ فوٹیج کے مطابق آئی نائن اسپورٹس کے ایک منتظم نے الزام لگایا کہ بچہ دوسرے کھلاڑیوں کو دھکے دے رہا تھا، جبکہ والدین کے ساتھ اختلاف کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ منتظم نے پولیس سے خاندان کو وہاں سے ہٹانے کی درخواست بھی کی۔

دوسری جانب بچے کی والدہ نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ ان کے بیٹے کو اچھی کارکردگی کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق بچے کی لیگ کی فیس تقریباً 300 ڈالر تھی۔

ونٹر پارک پولیس نے واضح کیا کہ اہلکاروں کے پاس خاندان کو پارک سے زبردستی نکالنے یا اس پر غیر قانونی طور پر جگہ پر قابض ہونے کا الزام عائد کرنے کے لیے کافی بنیاد موجود نہیں تھی۔

پولیس کے مطابق خاندان نے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، جبکہ لیگ انتظامیہ کی جانب سے فیس واپس کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔

واقعے نے بچوں کے کھیلوں میں مقابلے کے ماحول، کھیل کے قواعد اور کم عمر کھلاڑیوں کے ساتھ برتاؤ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button