بشریٰ انصاری کا بوٹوکس کا تلخ تجربہ، چہرے کا ایک حصہ لٹک گیا، کئی ماہ گھر سے باہر نہ نکلیں

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ماضی میں بوٹوکس کروانے کے ایک ناخوشگوار تجربے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کے بعد ان کے چہرے کی ساخت متاثر ہوئی اور وہ کئی ماہ تک گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرتی رہیں۔
اپنے حالیہ وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ کئی سال قبل انہوں نے بوٹوکس کروایا تھا، تاہم ان کے بقول ڈاکٹر نے علاج کے بعد ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ نہیں کیا۔
اداکارہ کے مطابق بوٹوکس کروانے کے بعد وہ اسی طرف کروٹ لے کر سو گئیں۔ تقریباً پانچ سے چھ روز بعد انہیں محسوس ہوا کہ ان کے چہرے کا ایک حصہ لٹک گیا ہے، جبکہ ہونٹوں کی ساخت بھی تبدیل ہوگئی ہے۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ چہرے میں تبدیلی کے باعث انہیں خدشہ ہوا کہ کہیں انہیں فالج تو نہیں ہوگیا۔ تاہم ان کے مطابق ڈاکٹر نے ان کی تشویش کو محض وہم قرار دیا، جس سے وہ مزید پریشان ہوئیں اور کئی ماہ تک گھر سے باہر نہیں نکلیں۔
اداکارہ نے اس تجربے کی روشنی میں زور دیا کہ ڈاکٹرز کو مریضوں کی شکایات سنجیدگی سے سننی چاہئیں اور کسی بھی علاج کے ممکنہ اثرات، خطرات اور ضروری احتیاطی تدابیر کے بارے میں واضح طور پر آگاہ کرنا چاہیے۔



