ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: منیبہ علی کپتان، عائشہ ظفر نائب کپتان مقرر، پاکستان کے سکواڈ کا اعلان

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت منیبہ علی کریں گی جبکہ بلے باز عائشہ ظفر کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
اعلان کردہ سکواڈ میں ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستان ٹیم کی 12 کھلاڑیوں نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
ٹیم میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں۔ اسپن باؤلنگ کے شعبے میں نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبہ حسن اور ام ہانی ٹیم کا حصہ ہوں گی، جبکہ فاسٹ باؤلرز وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
دس ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی امارت عجمان میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں ہر ٹیم چار میچز کھیلے گی، جس کے بعد دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی۔ اس مرحلے میں ہر ٹیم تین میچز کھیلے گی، جبکہ سپر سکس کی ٹاپ دو ٹیمیں 26 نومبر کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 سے 9 نومبر تک لاہور میں منعقد ہوگا، جہاں کھلاڑی ایونٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔



