پاکستان اور سری لنکا آج لاہور میں آمنے سامنے، سنسنی خیز مقابلے کی توقع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں سہ فریقی سیریز میں آج لاہور میں مدمقابل ہوں گی، جہاں دونوں ٹیموں کی حالیہ فتوحات کے بعد دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
سری لنکا نے گزشتہ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرتے ہوئے 430 رنز کا پہاڑ سر کیا تھا۔ سری لنکن ٹیم اس شاندار کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تاہم ٹیم کی ماضی میں غیر مستقل کارکردگی اس کے لیے تشویش کا باعث رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے بھی انگلینڈ کے خلاف دونوں میچز میں مشکل حالات سے نکل کر کامیابیاں حاصل کیں۔ پہلے مقابلے میں عرافات منہاس کی عمدہ کارکردگی نے انگلش ٹیم کو دباؤ میں رکھا، جبکہ دوسرے میچ میں شاداب خان نے نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو یقینی دکھائی دینے والی شکست سے نکال کر فتح دلائی۔
پاکستانی ٹیم پہلے ہی سہ فریقی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے، جس کے باعث ٹیم انتظامیہ آج کے میچ میں اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے اور متبادل کھلاڑیوں کو موقع دینے پر غور کرسکتی ہے۔
ادھر انگلینڈ کی فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی پاکستان اور سری لنکا کے مقابلے کے نتیجے سے وابستہ ہیں۔ سری لنکا کے لیے یہ میچ اپنی حالیہ فارم برقرار رکھنے اور فائنل سے قبل اعتماد میں اضافے کا اہم موقع ہوگا۔



