انتخابی مہم میں ڈیپ فیک مواد کی واضح نشاندہی لازمی قرار دینے کی تجویز

مجوزہ ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو اے آئی سے تیار کردہ انتخابی مواد کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کرنا ہوگا۔ ایسی مصنوعی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر مواد نشر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جو ووٹرز کو دھوکا دینے کی نیت سے تیار کیا گیا ہو۔
تجویز میں ڈیپ فیک تصاویر، ویڈیوز اور آڈیوز کی واضح نشاندہی بھی لازمی قرار دینے کی بات کی گئی ہے، تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ مواد مصنوعی ذہانت سے تیار کیا گیا ہے۔
مجوزہ قواعد کے تحت کسی امیدوار، اس کے حامی یا انتخابی اہلکار کی مصنوعی شبیہ، آواز یا ایسا بیان تخلیق کرنا ممنوع ہوگا جو جھوٹا، تضحیک آمیز یا ہتک آمیز ہو۔ اسی طرح عدلیہ، مسلح افواج اور ریاستی اداروں کی جعلی شبیہ، آواز یا بیانات تیار کرکے ان کی تضحیک یا کردار کشی کرنے پر بھی پابندی تجویز کی گئی ہے۔
مجوزہ ضابطہ اخلاق میں عوامی حمایت کا جھوٹا تاثر پیدا کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی بوٹس، خودکار اکاؤنٹس یا دیگر ذرائع سے جعلی ٹرینڈز، لائکس، کمنٹس، شیئرز اور فالوورز بڑھانے کی بھی ممانعت شامل ہے۔



