وزیراعظم شہباز شریف کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 6 خوارج کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے آپریشن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔



